ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سنگھ پریوار کے ایجنٹ کی ایما پر وجئے پور میں مذبح خانہ اور مویشیاں ضبط کرنے کا الزام

سنگھ پریوار کے ایجنٹ کی ایما پر وجئے پور میں مذبح خانہ اور مویشیاں ضبط کرنے کا الزام

Fri, 28 Oct 2016 02:11:08    S.O. News Service

وجئے پور۔27اکتوبر (ایس او نیوز) شاہ پور دروازے علاقہ میں واقع قصاب برادری کے مذبح خانہ پر چھاپہ مارکر مذبح خانہ کو ضبط کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انیمل ویلفیر بورڈ آف انڈیا حکومت ہند کے رکن شیویا سوامی کی جانب سے یہاں سرکاری دورے کے پیش نظر کل یہاں ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقد کئے گئے سرکاری حکام کے اجلاس کے بعد مذکورہ کارروائی عمل میں آئی تو رات کے تین بجے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی قیادت میں کارپوریشن اور محکمہ ویٹرنری کے حکام نے باقاعدہ 3-4 سو پولیس اہلکاروں کے ساتھ مذبح خانہ پر دھاوا بولا اور سینکڑوں کی تعداد میں گائے، بھیس بیل وغیرہ پائے گئے تو مذبح خانہ کو ضبط کرکے پولیس کا پہرا لگایا گیا ہے۔ جیسے ہی مذبح خانہ کو ضبط کئے جانے کی خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی تو قصاب برادری اور شہریوں میں بے چینی کی لہر پھیل گئی۔ دریں اثناء قصاب برادری اور مسلمانوں کے رہنماؤں نے اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیوکمار سے رابطہ قائم کیا تومبینہ طور پر اس بات کی تصدیق ہوئی کہ انیمل ویلفیر بورڈ آف انڈیا کے رکن شیویا سوامی جن کا تعلق سنگھ پریوار سے ہے، اُن کی ہدایت پر مذکورہ مذبح خانہ پر چھاپہ مارکر موجود تمام مویشیوں کو ضبط کرکے مذبح خانہ کے عین دروازے کو سیل کیاگیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قصاب برادری اس معاملہ کو لیکر ضلع نگراں کار وزیر یم بی پاٹل،شہر کے یم یل اے ڈاکٹر مقبول باغوان اور دیگر رہنماؤں کے علاوہ کارپوریشن کے کمشنر ہرشا شٹی سے بھی رابطہ میں رہی۔ دریں اثناء اس معاملہ کو لیکر ڈپٹی کمشنر کے ساتھ شہر کے یم یل اے، مقامی مسلمانوں اور قصاب برادری کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیاگیا، جس میں ڈپٹی کمشنر نے واضح طور پر بتایا کہ ضبط شدہ مذبح خانہ میں موجود گائے کے بچوں اور بچھڑوں کو ہرگز نہیں چھوڑا جائیگا، تاہم کہا کہ دیگر مویشیوں وغیرہ کو آیا گوشالہ روانہ کریں یا چھوڑنے کے متعلق غور کیا جائیگا۔ انہوں نے قصاب برادری کو ہدایت دی کہ آئندہ مذبح خانہ کو فوراً شہر سے باہر منتقل کریں اور اس حساس ترین معاملہ کو سنجیدگی سے لیں، ورنہ قانون کے تحت کارروائی کرنے میں ضلع انتظامیہ آگے پیچھے نہیں دیکھی گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر باغوان نے بتایا کہ اس معاملہ کو حکمت سے حل کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ شری یم پی پاٹل نے اس واقعہ کو نہایت سنجیدگی سے لیکر ڈپٹی کمشنر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے آگاہ کیا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے مودی کی نہیں، اس طرح کے حساس ترین معاملہ کو آپس میں مل بیٹھ کر حل کرنے کے بجائے سنگھ پریوار کے اشاروں پر چلنے کی ضرورت نہیں۔ اس طرح ہرشا شٹی کو بھی ڈانٹتے ہوئے وزیر موصوف نے واضح کیا کہ قصاب برادری کو اعتماد میں لیکر معاملہ کو سلجھانے کے بجائے شہر کی پُر امن فضاء میں خلل پیدا نہ کیا جائے۔ شہر کے سرگرم سماجی و سیاسی رہنما ٹپال انجینئر نے بتایا کہ انیمل ویلفیر بورڈ آف انڈیا کے سربراہ وجئے پور جیسے ایک پُر امن علاقہ میں اقتدار کا غلط استعمال کرتے ہوئے یہاں امن میں خلل پیدا کرنے کا ناپاک ارادہ رکھتے ہیں،جن کا خفیہ ایجنڈا یہاں مسلمانوں کے متعلق نفرت پیدا کرنا ہے۔


Share: